وزیرآباد سے گجرات: پبلک ٹرانسپورٹ کی کمی، طلبا اور عوام مشکلات کا شکار
وزیرآباد(نامہ نگار) گجرات سے وزیر اباد روڈ پر پبلک ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی کے باعث عام لوگوں کے ساتھ ساتھ طلبا و طالبات کو شدید مشکلات کا سامنا۔ وزیرآباد شہر سے قریبی ضلع گجرات کے لیے کوئی پبلک ٹرانسپورٹ کا بندوبست نہ ہونے کی وجہ سے روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں لوگوں کو سفر میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے قریبی ضلع گجرات سے وزیر آباد آنے جانے والے مسافر رکشوں اور چھوٹی ویگنوں میں خطرناک طریقے سے سفر کرنے پر مجبور ہیں۔ جدید دور میں بھی ان علاقوں میں پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کی وجہ سے عوام الناس کو مہنگے کرایوں کیساتھ غیر معیاری سفر میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ گجرات ضلع میں تعلیمی اداروں بالخصوص یونیورسٹی میں آنے جانے والے طلبہ و طالبات کو پرائیویٹ رکشوں گاڑیوں کے بھاری کرائے برداشت کرنا پڑتے ہیں۔ شہریوں نے طلباء و طالبات کو گجرات پڑھائی کے لیے آنے جانے میں درپیش مسائل کے پیش نظر
ارباب اختیار ایم پی اے، ایم این اے، حکومتی مشیر بریگیڈئر بابر علاؤ الدین سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ سڑکوں پر رش کی کمی اور غریب خاندانوں کو اضافی اخراجات سے بچانے کیلئے ایک جانب یونیورسٹی آف گجرات کا کیمپس وزیرآباد بائی پاس نالہ پلکھو کے قریب تعمیر کروایا جائے اس کیساتھ سفری سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے وزیر اباد سے گجرات تک سفر کیلئے سٹی ٹورز بس سروس کی طرز پر پبلک ٹرانسپورٹ کا بندوبست کیا جائے۔
عوام نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مسئلے کا سنجیدگی سے نوٹس لے اور وزیرآباد سے گجرات تک پبلک ٹرانسپورٹ کی فراہمی یقینی بنائے۔ اس سے نہ صرف طلبا و طالبات بلکہ عام مسافروں کو بھی سفری مشکلات سے نجات ملے گی، بلکہ سفر کو محفوظ، آرام دہ اور سستا بنایا جا سکے گا۔ عوام کا کہنا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ لوگوں کی زندگی آسان ہو اور تعلیمی و معاشی سرگرمیوں میں مزید بہتری آ سکے۔
No comments: