وزیرآباد: ڈائیلسز کے مریض کی اراضی فراڈ سے بیچنے والا بھتیجا بیرون ملک فرار، محکمہ مال اور پولیس غفلت کا شکار
وزیرآباد: ڈائیلسز کے مریض کی 34 کنال زرعی اراضی بھتیجے کی جعلسازی اور فراڈ سے فروخت ہونے کے بعد وہ بیرون ملک فرار ہوگیا۔ اس معاملے میں محکمہ مال بھی ساز باز میں ملوث ہے۔ متاثرہ شخص نزیر گھمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ڈائیلسز کا مریض ہے اور بے اولاد ہے۔ ناسازی طبعیت کی حالت میں اس نے اپنے بھتیجے شکیل کو کہا تھا کہ میری اراضی و مکان میری اہلیہ کے نام کروا دیں، مگر شکیل نے محکمہ مال کے اہلکاروں کے ساتھ ساز باز کرتے ہوئے 8 کنال زمین اس کی اہلیہ کے نام اور 26 کنال زمین اپنے نام کروا لی۔ جب مکان کا بل شکیل کے نام پر آیا تو معلوم ہوا کہ اس نے تمام اراضی اور مکان اپنے نام کروا لیا تھا۔ اس سلسلے میں جب شکیل سے پوچھا گیا تو اس نے کہا کہ یہ غلطی ہو گئی ہے اور وہ اسے درست کروا دے گا، لیکن بعد میں اس نے اراضی اور مکان انیس گجر ایڈووکیٹ کو فروخت کر کے اپنی اہلیہ اور بچوں کے ساتھ بیرون ملک فرار ہو گیا۔ انیس گجر نے اراضی، مکان اور جانور اپنے قبضے میں لے لیے ہیں۔ متاثرہ شخص نے اس بارے میں تھانہ سوہدرہ کو تحریری طور پر آگاہ کیا، مگر ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ متاثرہ شخص نے سی پی او گوجرانوالہ ایاز سلیم سے درخواست کی ہے کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لے کر اراضی کا قبضہ واپس دلوائیں تاکہ انصاف کی فراہمی ہو سکے۔ متاثرہ خاندان کے افراد شدید پریشانی کا شکار ہیں اور حکومت سے انصاف کی امید رکھتے ہیں۔
اس افسوسناک واقعے نے نہ صرف ایک غریب مریض کی زندگی کو مشکل بنا دیا بلکہ اس کے اہل خانہ کے لیے بھی شدید ذہنی اور مالی مسائل پیدا کر دیے ہیں۔ جب تک قانون نافذ کرنے والے ادارے اس معاملے میں فوری طور پر کارروائی نہیں کرتے، متاثرہ خاندان انصاف کی منتظر رہے گا۔ سی پی او گوجرانوالہ اور متعلقہ حکام سے امید ہے کہ وہ اس سنگین فراڈ کا نوٹس لے کر متاثرہ فرد کو انصاف دلائیں گے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ہو سکے۔
No comments: