پٹواریوں کی من مانیوں اور کرپشن سے عوام پریشان، فوری کارروائی کا مطالبہ
وزیرآباد(نامہ نگار) محکمہ ریونیو میں برسوں سے وزیرآباد میں براجمان پٹواری خلاف ضابطہ کارروائیوں، من مانیوں سے عوام الناس کیلئے مشکلات پیدا کر کے مال بنانے کی مہم پر عمل پیرا ہیں، پٹواری قبضہ گروپوں کی مبینہ سہولت کاری سے بھی جائیدادوں کے تنازعات میں اضافوں کے موجب بن رہے ہیں۔ مخصوص پٹواری سیاسی خاندانوں اور افسران کی پشت پناہی ہونے کے باعث عام لوگوں کو جائز کاموں میں ذلیل و خوار کرتے اور بھاری مال بٹورنے کے بعد کام کیلئے رضا مند ہوتے ہیں جن کیخلاف کسی قسم کی شکایت پر کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جاتی۔ مختلف دیہاتوں کے بدنام زمانہ قبضہ گروپوں کو ان کے ہر دوسرے فراڈ میں سہولت کار ہوتے ہیں مشترکہ کھاتوں میں فرنٹ سائیڈ کے قیمتی حصوں کے مالک ظاہر کے شرفاء کیلئے مشکلات پیدا کرتے ہیں۔
محکمہ ریونیو کے ان معمولی عہدوں کے ملازمین کے اثاثے کروڑوں میں پہنچ چکے ہیں جن کی چھان بین سے کرپشن کی روک تھام کیلئے اقدامات اٹھائے جاسکتے ہیں۔ دفاتر قانونگوئی، تحصیلدار آفس، پٹوارخانوں میں مخصوص ملازمین براجمان ہیں، پٹواریوں نے ذاتی ملازم بھی رکھے ہوئے ہیں۔ جنہوں نے علاقے میں ات مچا رکھا ہے۔ پٹواریوں نے یونین بنا کر ہائیر دفاتر میں، افسروں پر اثر ورسوخ بنا لیا ہے جو سائلین کے ساتھ من مانی کرتے ہیں۔ محکمہ مال کے ریکارڈ میں ردوبدل سے شہریوں کیلئے مشکلات پیدا کرتے ہیں۔ جائیدادوں کی خرید وفروخت رجسٹریشن کروانے کے غرض مند افراد کو بہیمانہ کرپشن سے مبینہ طور پر ایک ہی اراضی کی مختلف مالیت کی فردیں دھڑلے سے جاری کرکے لاکھوں روپے یومیہ کرپشن کرتے ہیں۔ معاملات طے نہ کرنے والوں کو ذلیل و خوار کیا جاتا ہے جس سے عدالتی مقدمات میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔
شکایات کے باوجود کرپٹ ملازمین ، پٹواریوں کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاتی۔ شہریوں نے بدترین لاقانونیت پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب سے صورتحال کا فوری نوٹس لینے اور برسوں سے مختلف دفاتر میں براجمان ملازمین کے فوری تبادلوں کا مطالبہ کیا ہے۔
No comments: