گیپکو کا صارفین کے لیے سردیوں کا خصوصی بجلی سہولت پیکیج

وزیرآباد(نامہ نگار) ایس ڈی او گیپکو عمیر احسن نے کہا ہے وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف کے احکامات کی روشنی میں گیپکو صارفین کے لئے سردیوں میں خصوصی ”بجلی سہولت پیکیج“ ایکٹو کردیا گیا ہے۔ صارفین اپنے ذمے واجبات بروقت ادا کریں اور کسی بھی جگہ بجلی چوری کی اطلاع گیپکو کے نمبروں یا دفتر میں دیں۔ میڈیا نمائندگان میں گفتگو میں ایس ڈی او سب ڈویژن نمبر 1 عمیر احسن نے بتایا کہ ونٹر پیکج کے تحت اضافی بجلی کے استعمال پر گھریلو، کمرشل اور صنعتی صارفین کیلئے بجلی کی قیمت 26 روپے 7 پیسے فی یونٹ مقرر کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کے احکامات کی روشنی میں گیپکو نے سردیوں کے موسم میں تین مہینوں دسمبر، جنوری اور فروری میں اپنے صارفین کو”بجلی سہولت پیکیج“ دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت قیمتوں میں نمایاں کمی کی جا رہی ہے۔ پیکیج کے تحت گھریلو، کمرشل اور صنعتی صارفین کو پچھلے سال کی نسبت اضافی بجلی کے استعمال پر فلیٹ ریٹ 26 روپے 7 پیسے ادا کرنا ہو گا۔

حکومت پاکستان کے اس اہم اقدم سے گھریلو، کمرشل اور کاروباری صارفین اب بجلی کم قیمت پر استعمال کرکے اپنی زندگی اور کاروبار کو آسان بنا سکتے ہیں۔ ایس ڈی او نے مزید کہا کہ صارفین کے لیے یہ ایک سنہری موقع ہے کہ وہ اس رعایتی قیمت سے فائدہ اٹھائیں اور اپنی توانائی کی ضروریات کو باآسانی پورا کریں۔

ایس ڈی او نے اس بات پر زور دیا کہ بجلی چوری کے جرم میں ملوث ملزمان کے خلاف بلا تفریق سخت کارروائیاں کی جا رہی ہیں، اور عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دیں تاکہ اس جرم کا سدباب کیا جا سکے۔ یہ اقدام نہ صرف صارفین کے فائدے کے لئے ہے بلکہ قومی اثاثوں کے تحفظ کا حصہ بھی ہے۔

No comments: