وزیرآباد سٹی پارک میں جدید ای لائبریری کا قیام، عوام کے لیے ایک نیا علمی مرکز - اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد رب نواز چدھڑ
وزیرآباد (نامہ نگار)
مقامی انتظامیہ کے زیر اہتمام سٹی پارک میں نئی لائبریری کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد رب نواز چدھڑ کا کہنا ہے کہ شہریوں کی سہولت کے لئے جدید ای لائبریری کا قیام ایک عظیم منصوبہ ہے، ان شاء اللہ اسے جلد پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔ اس لائبریری کے قیام کا مقصد نہ صرف علمی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے بلکہ شہریوں کو ایک ایسی جگہ فراہم کرنا ہے جہاں وہ اپنی علمی پیاس بجھا سکیں۔ اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق سٹی پارک میں بننے والی یہ لائبریری ہر خاص و عام شہری کے لیے ہوگی اور کسی مخصوص گروپ کی اجارہ داری ہر گز نہ بننے دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہاں کسی سیاسی یا غیر متعلقہ پارٹی کو مستقل قیام کی اجازت نہیں دی جائے گی تاکہ یہ جگہ ہر ایک کے لیے یکساں طور پر قابلِ رسائی رہے۔
اسسٹنٹ کمشنر کا یہ بھی کہنا تھا کہ گزشتہ دنوں ملنے والی اطلاع پر سٹی پارک میں تجاوزات کرنے والے نامعلوم افراد کی جانب سے تعمیرات کی جا رہی تھی۔ اس پر فوری موقع پر پہنچ کر انتظامیہ نے تمام غیر قانونی تعمیرات کو ڈی مالش کر دیا۔ یہ اقدام اس بات کو یقینی بنانے کے لئے کیا گیا ہے کہ پارک کی اراضی پر کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں کو فروغ نہ ملے اور شہریوں کے لئے مخصوص سہولیات متاثر نہ ہوں۔
واضح رہے کہ اندرون شہر پرانی لائبریری پر غیر متعلقہ افراد نے پی ٹی آئی دور حکومت میں ناجائز قبضہ جما لیا تھا، جسے تاحال ختم نہیں کروایا جا سکا ہے۔ شہری حلقوں میں اس ناجائز قبضے کے حوالے سے بھی سخت بے چینی پائی جاتی ہے۔ عوامی اور سماجی حلقوں نے اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد سے اندرون شہر پرانی غلہ منڈی لائبریری سے بھی ناجائز قبضہ ختم کروانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ یہ جگہ بھی عوام کے لئے دوبارہ کھولی جا سکے۔
No comments: