ضلعی انتظامیہ کی مبینہ عدم دلچسپی کے باعث ساونڈ ایکٹ کی کھلم کھلا خلاف ورزی جاری ہے

 


 گوجرانوالہ (بیورو رپورٹ) سینئر صحافی و گلوبل یونین آف جرنلسٹس کے جنرل سیکرٹری محمد اطہر سلطان مغل نے اپنے خصوصی بیان میں کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی مبینہ عدم دلچسپی کے باعث ساونڈ ایکٹ کی کھلم کھلا خلاف ورزی جاری ہے ۔ اول صبح سے سہ پہر تک خوانچہ فروش گلی محلوں میں لاوڈ سپیکرز پہ اپنی پھل ، سبزی ، کباڑ سمیت متعدد گھریلو اشیاء کی خرید و فروخت کرتے ہیں جس سے سارا دن علاقہ مکینوں کا سکون غارت ہوتا رہتا ہے ۔ انہیں منع کرنے پہ بعض اوقات لڑائی جھگڑوں کے واقعات بھی رونما ہوتے ہیں ۔ اسی طرح شام ہوتے ہی برلب سڑک سبزی اور پھل فروش اپنی اپنی ریڑھیوں پہ لاوڈ سپیکر کے ذریعے اپنا سامان فروخت کرتے ہیں جس سے نہ صرف ماحول میں صوتی آلودگی میں بھی اضافہ ہو رہا ہے جبکہ دوسری جانب ان لاوڈ سپیکرز کے باعث گردونواح کے مکین مسلسل ذہنی اذیت کا شکار ہوچکے ہیں ۔ ستم ظریفی تو یہ ہے کہ پیشہ ور بھکاری بھی بھیک مانگنے کیلئے لاوڈ سپیکرز کا آزادانہ استعمال کرتے ہیں ۔ جگنہ چوک ، فتومنڈ چوک ، کھوکھرکی ، سیالکوٹ بائپاس ، کھیالی بائپاس ، عالم چوک ، سیٹلائٹ ٹاؤن ، کشمیر روڈ ، نواب چوک ، حافظ آباد روڈ ، باغبانپورہ چوک اور پیپلز کالونی سمیت اندرون شہر کے سینکڑوں گلی کوچے اور شاہراہیں ان خوانچہ فروشوں کے رحم و کرم پہ ہیں ۔  انہوں نے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ سے مطالبہ کیا کہ ساونڈ ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کیلئے ماتحت انتظامی اداروں کو سخت ہدایات جاری کریں۔  پولیس کے تعاون سے ساونڈ ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں پہ بھاری جرمانے عائد کریں اور باز نہ آنے پہ ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے۔

No comments: