حج پالیسی 2025 کی منظوری: عازمین کو کون سی نئی سہولیات ملیں گی؟
پاکستان کی وفاقی کابینہ نے وزارت مذہبی امور کی سفارش پر حج پالیسی 2025 کی منظوری دے دی ہے۔
سمری
نئی پالیسی کے تحت اگلے سال کے لیے حج اخراجات میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا گذشتہ سال کی رقم کے مطابق ہی حج ادا کیا جاسکے گاجبکہ عازمین حج کے لیے پالیسی میں کچھ نئی سہولتیں بھی شامل کی گئی ہیں جن میں حج سکیم کے تحت بیلٹنگ یعنی قرعہ اندازی میں ایسے افراد کو ترجیح دی جائے گی جو پہلی مرتبہ حج ادا کرنا چاہتے ہیں۔
اس کے علاؤہ نئی حج پالیسی کے تحت سرکاری کوٹے پر حج کرنے والے شہریوں کے لیے حج پیکیج کی اقساط میں ادائیگی، حج ایپلیکیشن میں جدت، سہولیات کے لیے ناظم کی تقرری سمیت دوران حج انتقال کرنے والوں کے لیے معاوضے میں اضافے جیسی سہولیات شامل کی گئی ہیں۔ سمندر پار پاکستانیوں کے لیے ڈالرز میں حج ادائیگی کی سہولت کو بھی برقرار رکھا گیا ہے۔
تفصیل
وزارت مذہبی امور کے ترجمان عمر بٹ نے اُردو نیوز کو بتایا کہ ہے کہ ’نئی حج پالیسی کے تحت آئندہ سال حکومت پاکستان اور نجی شعبے میں 50،50 فیصد کے تناسب سے ایک لاکھ 79 ہزار 210 عازمین حج کی سعادت حاصل کر سکیں گے۔ منظور شدہ پالیسی کے مطابق ملک کے جنوبی خطے کے لیے حج پیکیج کی قیمت 10 لاکھ 65 ہزار اور شمالی خطے کے لیے 10 لاکھ 75 ہزار مقرر کی گئی ہے۔
عازمین حج کے لیے ناظم کی تقرری
نئی حج پالیسی 2025 کے تحت عازمین حج کو بہتر سہولیات کی فراہمی کی نگرانی کے حوالے سے اس مرتبہ ناظم کا نیا عہدہ متعارف کروایا گیا ہے جس کے مطابق ہر 100 حجاج کے لیے ایک ناظم مقرر ہو گا جو حجاج کو بہتر سہولتیں فراہم کرنے اور ان کو معلومات فراہم کرنے کا پابند ہو گا۔ ان ناظمین کا انتخاب ویلفیئر سٹاف میں سے ہی کیا جائے گا۔
حج پیکیج کی اقساط میں ادائیگی
وزارت مذہبی امور کے مطابق آئندہ سال کے حج کی ادائیگی کے لیے عازمین سے اخراجات کی اقساط میں بھی وصولی کی جا سکے گی۔ اقدام کا مقصد غریب اور متوسط طبقے کو ریلیف دینا ہے۔
پالیسی کے تحت عازمین حج سے تقریباً 11 لاکھ روپے تین اقساط میں وصول کیے جائیں گے۔ حج کے خواہش مند افراد 2 لاکھ روپے دے کر درخواست دے سکیں گے۔ قرعہ اندازی میں نام آنے پر مزید چار لاکھ روپے جمع کروانا ہوں گے۔ باقی رقم حج پر روانگی سے قبل(فروری کے مہینے میں) جمع کروانا لازم ہو گا۔
حج مینیجمنٹ ایپلی کیشن
وزارت حج کی جانب سے بنائی گئی حج پالیسی 2025 کے مطابق گزشتہ برس کے مقابلے میں اس مرتبہ حجاج کی سہولت کے لیے خصوصی حج مینیجمنٹ ایپلی کیشن کو مزید بہتر بنایا گیا ہے جس کے ذریعے عازمین تمام متعلقہ معلومات حاصل کر سکیں گے۔ اسی طرح حجاج کی تربیت کے حوالے سے بھی خصوصی انتظامات کیے جائیں گے۔
انتقال کرنے والوں کے لیے معاوضے میں اضافہ
وفاقی حکومت نے حج پالیسی 2025 کے تحت دوران حج انتقال کرجانے والے حجاج کرام اور زخمی ہونے والوں کے لیے معاوضے میں اضافہ کیا ہے۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق سعودی حکومت کی حج کے لیے ہدایات کے مطابق آئندہ برس انتقال کرنے والے حجاج کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے کے بجائے 20 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا جبکہ زخمی ہونے والوں کے لیے 10 لاکھ روپے معاوضہ مقرر کیا گیا ہے۔
کابینہ کی جانب سے منظور کی گئی حج پالیسی کے تحت روڈ ٹو مکہ کی سہولت (حسبِ سابق)اسلام آباد اور کراچی کے ہوائی اڈوں پر دستیاب ہو گی۔
حج گروپ آرگنائزرز وزارت مذہبی امور کے ساتھ سروس پرووائیڈر معاہدے پر دستخط کریں گے اور خدمات کی فراہمی کے حوالے سے ان آرگنائزرز کی کڑی نگرانی کی جائے گی۔
حج پالیسی 2025 کے تحت آئندہ سال کے لیے ڈالرز میں حج کرنے کی سہولت کو بھی برقرار رکھتے ہوئے حکومت نے سپانسرشپ سکیم کا کوٹا برقرار رکھا ہے۔ جس کے ذریعے سمندر پار پاکستانی یا ان کے رشتہ دار ڈالرز میں ادائیگی کر کے حج پر جا سکیں گے۔(البتہ سابقہ دو سالوں کے تجربے کی بنیاد پر ان کی تعداد کم کرکے پانچ هزار مقرر کی گئی ہے جس کی وجہ سے ریگولر سکیم والوں کو فائدہ ہوگا)
Image source: Hajj and Umrah Planner
No comments: