گیپکو سب ڈویژن نمبر 2 میں لاقانونیت اور خطرناک بجلی ترسیلی نظام، عوامی شکایات پر نوٹس لینے کا مطالبہ
وزیرآباد(نامہ نگار) وزیر توانائی پاور ڈویژن سردار اویس خان لغاری، چیف ایگزیکٹو گیپکو جام ایوب اک نظر ادھر بھی، گیپکو کے ترسیلی نظام، قانون ضابطے کی دھجیاں اڑانے والوں کا احتساب کیجئے۔ گیپکو سب ڈویژن نمبر 2 وزیرآباد کے علاقہ میں اندھیر نگری، لائنوں کی غیر قانونی منتقلی، لمبی کیبلوں سے مختلف ممنوعہ علاقوں میں بجلی کے خطرناک ترسیلی نظام کا نوٹس لیجئے۔ شہریوں کے جان و مال کو تحفظ اور محکمہ کو نقصانات سے بچایا جائے، عوامی سماجی حلقوں نے علاقے میں گیپکو افسر کی بڑھتی ہوئی لاقانونیت پر حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔شہریوں نے اخبار نویسوں کو بتایا کہ ایس ڈی او مرزا عرفان کی گیپکو سب ڈویژن نمبر 2 میں تعیناتی کے بعد سے علاقہ بھر میں اندھیر نگری مچی ہوئی ہے صارفین کے جائز کاموں میں رکاوٹیں ڈال کر انہیں مسلسل کئی کئی روز تک ذلیل و خوار کرنا ایس ڈی او کا وتیرہ ہے، آپریشن فیلڈ کیلئے نااہل ایس ڈی او نے گیپکو جیسے ادارے کے وقار کو داؤ پر لگا دیا ہے اوور بلنگ کے بعد ناجائز ڈی ٹیکشن بلوں سے فرضی کارکردگی دکھانے کا شوقین ہے شہریوں کے متعدد بار احتجاج اور حکام کو شکایتیں گزارنے کے باوجود ایس ڈی او کو سیٹ سے نہ ہٹایا گیا ہے۔ ایس ڈی او کی تعیناتی کے بعد سے غیر قانونی کنکشنوں کی بھرمار ہوچکی ہے مختلف ممنوعہ علاقوں کو غیر قانونی کنکشنوں سے الیکٹیفائی کرکے قانون ضابطے کی دھجیاں اڑا دی گئی ہیں خطرناک طریقہ سے لگائی گئی کیبلیں لوگوں کی رہائشوں مکانات کی چھتوں سے گزرنے کے علاوہ مختلف علاقوں میں خطرناک حالت میں زمین کو چھو رہی ہیں۔ عوامی سماجی حلقوں نے وزیر توانائی سردار اویس خان لغاری ، چیف ایگزیکٹو گیپکو جام ایوب سے مطالبہ کیا ہے کہ وزیرآباد سب ڈویژن نمبر 2 گیپکو کے علاقوں کا وزٹ کرکے محکمہ کیلئے نقصان کا باعث بننے والے ایس ڈی او کیخلاف کارروائی کی جائے۔
No comments: