ہسپتالوں میں ایکسرے فلمیں اور لیبارٹری کٹس کی کمی، غریب مریض شدید مشکلات کا شکار

 ضلع وزیرآباد میں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سمیت تمام ہسپتال میں ایک ماہ سے ایکسرے فلمیں اور لیبارٹری کی ٹیسٹ کٹس ختم ہو گئیں۔ مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا۔ ایمرجنسی مریض بھی نجی ہسپتالوں کے رحم و کرم پر۔ تفصیلات کے مطابق ضلع وزیرآباد میں تقریباً ایک تحصیل ہیڈ کوارٹر، 7 رورل ہیلتھ سنٹرز سوہدرہ، دھونکل، گکھڑ، جامکے چٹھہ، احمد نگر، رسول نگر، علی پور چٹھہ اور 26 بنیادی ہیلتھ یونٹس قائم ہیں مگر کسی بھی ہسپتال میں ایک ماہ سے ایکسرے فلمیں اور لیبارٹری ٹیسٹ کٹس نایاب ہیں اور مریضوں کو ایکسرے اور لیبارٹری ٹیسٹ کے لیے نجی لیبارٹریوں پر بھیجا جا رہا ہے جو انہیں دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔ ہسپتال کے ایکسرے اور لیبارٹری ٹیکنیشن ہاتھ ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے ہیں۔ غریب عوام کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

قبل ازیں ہنگامی صورتحال میں لوکل پرچیز کے ذریعے ایکسرے کے لیے فلموں اور لیبارٹری کٹس کی خرید کی جاتی تھی جو اب بند کر دی گئی ہے۔ ڈی ڈی او ہیلتھ آفس نے بتایا کہ ہیلتھ کا بجٹ ختم ہو گیا ہے جس کی وجہ سے ایکسرے فلموں اور لیبارٹری کی ٹیسٹ کٹس کی سپلائی میں رکاوٹ آئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نئی سپلائی جب آئے گی، تمام ہسپتالوں کو ایکسرے فلمیں اور لیبارٹری ٹیسٹ کٹس فراہم کر دی جائیں گی۔

اس صورت حال کی وجہ سے غریب مریض اور ان کے خاندانوں پر اضافی مالی بوجھ پڑ رہا ہے۔ نجی لیبارٹریز اور ہسپتالوں میں مہنگے نرخوں پر ٹیسٹ کروانا غریب طبقے کے لیے ناممکن سا ہو گیا ہے۔ بیمار بچے، بزرگ اور خواتین علاج کے لیے پریشان ہیں، مگر حکام کی جانب سے کوئی فوری اقدام نظر نہیں آ رہا۔ عوام کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ ہیلتھ بجٹ کو فوری بحال کر کے ہسپتالوں میں ضروری سامان فراہم کیا جائے تاکہ غریب اور نادار افراد کو ان مشکلات سے نجات مل سکے۔ اس بحران نے صحت کے شعبے کی بدانتظامی کو بے نقاب کر دیا ہے، اور اس کے حل کے لیے فوری اور عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔

No comments: