اہلیان صادق آباد کے لیے تعلیمی خوشخبری: اقراء سکلڈ سینٹر کے قیام کا اعلان
صادق آباد (عتیق گورایہ)
اہلیان صادق آباد کے لیے خوشخبری! اقراء گروپ سکولز اینڈ پوسٹ گریجویٹ کالجز نے تعلیم کے میدان میں ایک اور شاندار قدم اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔ صادق آباد میں طلبہ و طالبات کے لیے ایک جدید سٹیٹ آف دی آرٹ سکلڈ سینٹر کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے، جو تعلیمی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں ایک اہم کردار ادا کرے گا۔
اس سکلڈ سینٹر میں طلبہ و طالبات کو انتہائی کم فیس میں پاکستان کے اعلیٰ معیار کے سکلڈ اداروں کے مقابلے کا ماحول فراہم کیا جائے گا۔ کلاسز کا آغاز انشاء اللہ جنوری 2025 سے ہو گا۔ یہاں ماہر انسٹرکٹرز کی خدمات حاصل کی جائیں گی، تاکہ طلبہ کو عملی تربیت فراہم کی جا سکے۔
سکلڈ سینٹر میں مختلف کورسز کرنے والے طلبہ و طالبات کے لیے اسکالرشپ کا اعلان بھی کیا گیا ہے، اور اس سینٹر کا الحاق حکومت کے سکلڈ اداروں سے کیا جائے گا۔ یہاں دی جانے والی اسناد سرکاری و نیم سرکاری اداروں میں تسلیم شدہ ہوں گی، جس سے طلبہ کے کیریئر میں ترقی کے دروازے کھلیں گے۔
ڈائریکٹر اقراء سکولز اینڈ پوسٹ گریجویٹ کالجز، ڈاکٹر طالوت سلیم باجوہ نے میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ انشاء اللہ جلد اقراء یونیورسٹی کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔ یہ ڈیجیٹل ایجوکیشن کے ذریعے طلبہ و طالبات کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرے گی اور انہیں روزگار کی طرف لے جانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
اقراء سکلڈ سینٹر کا مقصد نہ صرف تعلیمی معیار کو بلند کرنا ہے بلکہ معاشرے میں باصلاحیت افراد کو آگے بڑھنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ یہ اقدام صادق آباد کو تعلیمی میدان میں ایک نمایاں مقام دینے میں معاون ثابت ہو گا اور طلبہ و طالبات کے لیے ایک روشن مستقبل کی نوید ثابت ہو گا۔
No comments: