صحافی کا خوفناک قتل، قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ
لیاقت پور(تحصیل رپورٹر محمدامجدخان ڈاہر) ترنڈہ محمدپناہ علی الصبح قتل کی لرزہ خیز واردات ملک ظفراقبال نائچ رپورٹر روزنامہ خبریں و نیوز ایجنٹ کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔ تفصیل کے مطابق روزنامہ خبریں کے سینیئر رپورٹر و نیوز ایجنٹ ملک ظفر اقبال نائچ جو کہ علی الصبح تقریباً چھے بجے کے قریب اپنے 125 موٹرسائیکل پر نیوز پیپرز کی ترسیل کے لیے جا رہے تھے کو علی گڑھ پبلک ماڈل سکول کے گیٹ کے سامنے نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے بے دردی سے قتل کردیا۔ معجزانہ طور پر ان کے ساتھ موجود 16 سالہ ملازم لڑکے نے بھاگ کر اپنی جان بچائی جس کے واویلہ کرنے پر قریبی لوگوں نے پولیس کو کال کی جس نے موقع واردات پر پہنچ کر کرائم سین یونٹ کو طلب کرلیا جنہوں نے موقع پر پہنچ کر ابتدائی کارروائی کرکے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے رورل ہیلتھ سینٹر ترنڈہ محمدپناہ منتقل کردیا۔ قتل کی اس لرزہ خیز واردات پر تحصیل بھر کی صحافی برادری نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کے قاتلوں کو فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس واردات سے اہلیان علاقہ اور سول سوسائٹی کی تنظیموں نے ڈی پی او حیم یارخان سے ان سفاک قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔
یہ واقعہ صرف ایک فرد کی زندگی کا نقصان نہیں بلکہ پورے صحافتی ادارے اور معاشرے کے لیے ایک سنگین دھچکا ہے۔ ایک صحافی کی جان کو خطرہ میں ڈال کر دراصل ہماری آزادی اظہار اور اطلاعات تک رسائی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ اس نوعیت کے واقعات سے نہ صرف صحافیوں کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہے بلکہ عوام تک سچائی کی رسائی بھی متاثر ہوتی ہے۔ ہم سب کو اس معاملے کی سنجیدگی کو سمجھنا چاہیے اور اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ اس قسم کے جرات مندانہ اقدامات کی مذمت کی جائے تاکہ صحافی برادری کو اپنے کام میں آزادی سے کام کرنے کا موقع مل سکے اور امن کا قیام ہو سکے۔
No comments: