آئی جی پنجاب کا کچہ میں پولیس آپریشنز کا جائزہ، ڈاکوؤں کے خلاف کامیاب کارروائیاں

 صادق آباد (عتیق گورایہ)

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور رحیم یار خان کے کچے کے ایڈوانس کیمپس پر پہنچ گئے۔ ترجمان پولیس کے مطابق، آئی جی پنجاب نے کچے کے علاقے کا دورہ کرتے ہوئے وہاں تعینات جوانوں سے ملاقات کی۔

اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم سیال، آر پی او بہاولپور رائے بابر سعید، اور ڈی پی او رحیم یار خان رضوان عمر گوندل بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ کچہ میں پائیدار امن کو برقرار رکھنے کے لیے مستقل بنیادوں پر پولیس فورس تعینات ہے، جو علاقے سے ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ عناصر کے مکمل خاتمے کے لیے کوشاں ہے۔

ترجمان کے مطابق، پنجاب پولیس نے کچہ میں آپریشنل کارروائیوں کے دوران قابل ذکر کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ ان کارروائیوں میں اب تک 72 خطرناک ڈاکو ہلاک، 45 زخمی اور 164 گرفتار ہو چکے ہیں۔ ان مقابلوں میں پنجاب پولیس کے 19 جوان شہید ہوئے، جبکہ 29 غازی قرار پائے۔

آئی جی پنجاب نے پولیس کے ان شہید اور غازی جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کچہ میں تعینات جوان بہادری اور حوصلے کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں اور وہ پنجاب پولیس کے ہیرو ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کچہ کے تمام کیمپس پر پختہ تعمیرات تیزی سے جاری ہیں، جبکہ وہاں تعینات جوانوں کی فلاح و بہبود کا ہر ممکن خیال رکھا جا رہا ہے۔

آر پی او بہاولپور رائے بابر سعید اور ڈی پی او رحیم یار خان نے آئی جی پنجاب کو کچہ کی مجموعی صورتحال اور پولیس کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ آئی جی پنجاب نے اس موقع پر کہا کہ کچہ کریمنلز کے خلاف انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کامیابی سے جاری ہیں، اور پنجاب پولیس کا مشن ہے کہ کچہ سے جرائم پیشہ عناصر کا مکمل خاتمہ کیا جائے۔

آئی جی پنجاب نے عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس کے جوان ہر وقت چوکنا ہیں اور کچہ کے شرپسندوں کے خلاف پوری قوت اور وسائل کے ساتھ موجود ہیں۔

No comments: