نیشنل سرٹس چیلینج 2024: رحیم یار خان کی ریسکیو ٹیموں کی شاندار روانگی

رحیم یارخان (عتیق گورایہ)
رحیم یار خان ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر عادل الرحمٰن کے زیرِ نگرانی ریسکیو اینڈ سیفٹی افسران کی سربراہی اور ریسکیو انسٹرکٹرز ایس آئی اظہر ابرار، نوید اختر اور ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشنز ظہور احمد، اقرا اقبال اور رابعہ بی بی کے ذریعے رحیم یار خان کی 3 ٹیموں کو بھرپور تربیت کے بعد نیشنل سرٹس چیلینج 2024 میں شرکت کے لیے ایمرجنسی سروسز پنجاب کے ہیڈ آفس روانہ کیا گیا۔

ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر صادق آباد عاشق محمود کی سربراہی میں رحیم یار خان کی وارڈن ٹیم، ریڈز پاکستان کی ٹیم اور رحیم یار خان کی یونین کونسل کی سرٹ ٹیم ان مقابلوں میں شریک ہوں گی۔ یہ مقابلے لاہور ہیڈ آفس میں 5 دسمبر تک جاری رہیں گے، جن میں ملک بھر سے تمام صوبوں اور بین الاقوامی سطح پر دیگر ممالک کی کمیونٹی ایمرجنسی ریسپانس ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ان ٹیموں کے درمیان مختلف چیلنجز اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے سخت مقابلے کروائے جائیں گے، جن کا مقصد ٹیموں کی کارکردگی اور مہارت کا جائزہ لینا ہے۔

ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر رحیم یار خان شہزادہ محمد اقبال نے تمام ٹیموں کو جیت کی دعاؤں کے ساتھ روانہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان مقابلوں میں حصہ لینا نہ صرف ضلع کی نمائندگی ہے بلکہ یہ اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کا بھی موقع ہے۔ ان چیلنجز سے ٹیموں کو یہ موقع ملے گا کہ وہ اپنی عملی مہارت کا مظاہرہ کریں اور یہ ثابت کریں کہ وہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں بہترین کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔

یہ مقابلے کمیونٹی ایمرجنسی خدمات کی اہمیت اجاگر کرنے اور ٹیم ورک کو فروغ دینے کے لیے منعقد کیے جا رہے ہیں۔ ان کے ذریعے نہ صرف ریسکیو ٹیموں کا حوصلہ بلند ہوگا بلکہ ان کی کارکردگی میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔

No comments: