پی ٹی آئی لانگ مارچ: خانکی بیراج کا پل پانچویں روز بھی سیل، عوام پریشان

وزیرآباد (بیوروچیف عاطف علی ملک سے) پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کی وجہ سے پنجاب بھر کی طرح خانکی بیراج کا پل آج پانچویں روز بھی مکمل سیل۔ سبزی اور فروٹ سے بھرے ٹرک پانچ دن سے خانکی بیراج کے قریب کھڑے ہیں۔ ٹرک ڈرائیوروں کا کہنا ہے کہ ہمارے ٹرکوں میں کروڑوں کا فروٹ ہے جو خراب ہو رہا ہے۔ فروٹ تو لانگ مارچ میں نہیں جانا، ہمارے ساتھ بہت ظلم ہو رہا ہے۔ یہ بیراج جنگل نما علاقہ ہے، نہ ہی کوئی یہاں ہوٹل ہے کہ ہم کھانا کھا لیں۔ ہمیں یہاں سے واپس بھی نہیں جانے دیا جا رہا۔

اور تو اور، صبح سکول جانے کے لیے ساروکی کی نجی سکول کی بس کو صبح راستہ دے دیا گیا، اور واپسی پر نہر کا پل بھی سیل کر دیا گیا۔ معصوم بچے صبح کا ناشتہ کر کے سکول گئے ہیں، ابھی تین بج چکے ہیں اور بچے بس میں بھوکے پیاسے بیٹھے ہیں۔ جیسا کہ خانکی سے فقیراں والی، ٹھٹھی بلوچ، برج چیمہ، برج ڈھلہ، لانگ مارچ کا کوئی روٹ بھی نہیں، پھر بھی ان علاقوں کے ساتھ یہ ظلم کیوں؟ کم از کم لوکل ایریا تو کھول دیے جائیں تاکہ لوگ اپنے مال مویشیوں کے لیے چارہ تو بنا سکیں۔

یہاں پچاس روپے والی چائے 80 روپے میں مل رہی ہے، 150 روپے والی چاول کی پلیٹ 300 میں مل رہی ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ خدا کے لیے یہ ڈرامہ بند کر دو۔

متاثرین نے مزید کہا کہ حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ لوگ اپنی بنیادی ضروریات کے لیے بھی پریشان ہیں۔ بچے اور خواتین شدید مشکلات میں مبتلا ہیں، اور ان کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ عوامی مطالبہ ہے کہ انتظامیہ فوری طور پر ان مسائل کو حل کرے اور روزمرہ زندگی معمول پر لائے۔ لوگ حکومت اور اپوزیشن دونوں سے اپیل کر رہے ہیں کہ انسانی ہمدردی کو مدنظر رکھتے ہوئے اس معاملے کو جلد از جلد ختم کیا جائے۔

No comments: