مہذب معاشرے کی پہچان بہترین نظام ٹریفک سے ہوتی ہے : اطہر سلطان مغل
گوجرانوالہ(بیورو رپورٹ) گزشتہ روز راہوالی میں جاں بحق ہونے والے تین کمسن طالبعلموں کی موت نے معاشرے کو ہلا کر رکھ دیا ہے ۔ ایسے واقعات شہریوں کی جانب سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور غیر ضروری جلدبازی کے باعث رونما ہوتے ہیں جس میں قیمتی جانیں ضائع ہوتی ہیں۔ ٹریفک قوانین کا احترام مہذب معاشرے کی پہچان ہے اور ان پہ عملدرامد سے حادثات کی شرح کم ہوتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار سینئر صحافی، کالم نگار اور گلوبل یونین اف جرنلسٹس گوجرانوالہ کے جنرل سیکرٹری محمد اطہر سلطان مغل نے اپنے خصوصی بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز راہوالی میں پیش آنے والے المناک حادثے میں دو جڑواں بھائیوں اور ان کے دوست کی دلخراش موت نے معاشرتی فضاء کو سوگوار کردیا ہے ۔ لیکن اگر ایسے حادثات کی وجوہات پہ نظر ڈالی جائے تو اکثر دونوں فریقین قصوروار نکلتے ہیں ۔ اسی طرح والدین حددرجہ لاپرواہی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے کمسن بچوں کو موٹر سائیکل چلانے کی اجازت دے دیتے ہیں جس سے اکثر اوقات حادثات میں قیمتی جانوں کا زیاں ہوتا ہے۔ بغیر لائسنس کے گاڑی چلانا نا صرف ہماری بلکہ دوسروں کی جانوں کو بھی خطرات سے دوچار کر سکتا ہے اس لیے ایسے عمل سے اجتناب کیا جائے۔ مہذب معاشروں میں ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کے لیے نہ صرف سخت قوانین موجود ہوتے ہیں بلکہ عوامی شعور کی بیداری کے لیے مختلف ادارے بھی قائم کیے جاتے ہیں جن میں شہریوں کو ترجیحی بنیادوں پہ ٹریفک قوانین کے بارے میں عملی مہارت دی جاتی ہے ۔انہوں نے مزیدکہا کہ ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے عوام کا تعاون ازحد ضروری ہے اگر عوام مکمل تعاون اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد نہ کریں تو ٹریفک کا نظام کبھی درست نہیں ہو سکتا۔ اسی طرح ٹریفک پولیس کو بھی چاہئے کہ غیر ضروری چالانوں کی بھرمار کرنے کی بجائے عوام میں ٹریفک قوانین کے شعور کو بیدار کریں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک کے اشارے دورانِ سفر ہمارے محافظ ہیں ان کا احترام محفوظ ، خوشگوار سفر کی ضمانت اور شاہراہوں پر جان و مال کا تحفظ ہے ۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے ڈرائیونگ قوانین سے متعلق آگاہی، روڈ سینس، ون ویلنگ کے نقصانات اور دورانِ ڈرائیونگ موٹر سائیکل سواروں میں ہیلمٹ پہننے کی اہمیت، کم عمری میں ڈرائیونگ کے نقصانات، بغیر نمبر پلیٹ اور بغیر رجسٹریشن اور دیگر ٹریفک قوانین سے متعلق بڑے پیمانے پر آگاہی فراہم کرنے کا عمل خوش آئند ہے ۔ اور یہ سلسلہ جاری رہنا چاہئے ۔ کوئی بھی قوم اپنے نظام ٹریفک کے حوالے سے پہچانی جاتی ہے لیکن بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں اس شعور کی ازحد کمی ہے۔ یہ مسئلہ ٹریفک پولیس اور شہریوں کے درمیان مضبوط کوآرڈینیشن سے حل ہو سکتا ہے۔
No comments: