پنجاب میں ستھرا پنجاب پروگرام کا آغاز، صفائی کے نئے نظام کا نفاذ


مرزا عامر سہیل
ستھرا پنجاب پروگرام گوجرانوالہ کو آؤٹ سورس کر دیا گیا، صفائی کا نیا نظام متعارف۔ پنجاب میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے معیاری اور دیرپا نظام کے افتتاح کی تیاریاں مکمل۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف ستھرا پنجاب پروگرام کا افتتاح 3 دسمبر کو کریں گی۔ اس ضمن میں صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں ان کا کہنا تھا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے منفرد پراجیکٹ کا آغاز میرے لیے فخر کی بات ہے۔ پنجاب کے شہروں اور دیہات میں پہلی بار صفائی کا یکساں نظام رائج ہو رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گھر گھر سے ویسٹ کولیکشن کر کے اس کی محفوظ ڈمپنگ یقینی بنائیں گے۔ ہر علاقے کی مینوئل سویپنگ اور نالیوں کی ڈی سلٹنگ ہوگی۔ صفائی کے نئے نظام کو کامیاب بنانا عوام اور منتخب نمائندوں کی بھی ذمہ داری ہے۔ نئے نظام کے تحت شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کا مؤثر میکانزم بنایا گیا ہے۔ ہیلپ لائن 1139 کے ذریعے شہری اپنی شکایات درج کرا سکیں گے۔

اس پروگرام کے تحت پنجاب کے تمام شہروں اور دیہاتوں میں یکساں معیار کے صفائی کے نظام کا نفاذ کیا جائے گا۔ صفائی کے نظام میں جدت لاتے ہوئے مشینری اور جدید آلات کا استعمال یقینی بنایا جائے گا تاکہ ماحول دوست اور صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دیا جا سکے۔ شہریوں کی سہولت کے لیے صفائی کے اوقات اور نظام کی تفصیلات عام کی جائیں گی تاکہ ان کی شرکت اور تعاون ممکن بنایا جا سکے۔

عوامی حلقے ستھرا پنجاب پروگرام کے آغاز کو ایک انقلابی قدم قرار دے رہے ہیں، کیونکہ اس سے نہ صرف صفائی کے مسائل حل ہوں گے بلکہ عوام کو صحت مند اور صاف ستھرا ماحول فراہم ہوگا۔ عوامی آگاہی کے ذریعے اس منصوبے کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے مختلف مہمات کا بھی آغاز کیا جائے گا۔ اس نظام کے مؤثر نفاذ کے بعد پنجاب دیگر صوبوں کے لیے ایک رول ماڈل کے طور پر سامنے آئے گا۔

No comments: