الحاج ڈاکٹر حکیم سید محمد ہاشم علی بخاری گورنمنٹ طبیہ کالج بہاولپور کے نئے پرنسپل تعینات
مروٹ (تحصیل رپورٹر رفاقت علی گورایا) الحاج ڈاکٹر حکیم سید محمد ہاشم علی بخاری گورنمنٹ طبیہ کالج بہاولپور کے نئے پرنسپل تعینات ہوگئے۔ خالد حسین اعجاز EST، حکیم محمد سلمان بلوچ، حکیم محمد مدثر حسین، محمد نوید رحمانی، اور محمد مزمل خالد نے پرنسپل کا چارج سنبھالنے پر حکیم سید محمد ہاشم علی بخاری کو مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ حکیم سید محمد ہاشم علی بخاری نے 1993 میں گورنمنٹ طبیہ کالج بہاولپور سے FTJ کی ڈگری حاصل کی اور 1995 میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال لودھراں میں ملازمت اختیار کی۔ 2021 میں ٹرانسفر ہو کر گورنمنٹ طبیہ کالج بہاولپور میں آئے اور سینئر طبیب اور لیکچرر کے فرائض ایمانداری سے انجام دیے۔ 25 نومبر 2024 کو بطور پرنسپل گورنمنٹ طبیہ کالج بہاولپور کا عہدہ سنبھال لیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید محمد ہاشم علی بخاری صاحب نے کہا کہ انہوں نے پوری سروس میں ہمیشہ خدمت خلق کو ترجیح دی ہے اور بطور لیکچرر طلباء کے مفاد میں کام کیا۔ ادارے کے سربراہ ہونے کے ناطے اب میں اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے ادارے کی بہتری اور طلباء کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کروں گا۔ انشاء اللّٰہ اس ادارے کے فارغ التحصیل حکماء نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں بہاولپور طبیہ کالج کا نام روشن کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گورنمنٹ طبیہ کالج بہاولپور ایک تاریخی درسگاہ ہے اور اس کے معیار کو مزید بلند کرنا میرا اولین مقصد ہے۔ طلباء کی تعلیمی اور اخلاقی تربیت کو بہتر بنانے کے لیے جدید تدریسی طریقے اپنائے جائیں گے۔ کالج کے فیکلٹی ممبران اور اسٹاف کے ساتھ مل کر ہم اس ادارے کو ترقی کی نئی بلندیوں پر لے جانے کے لیے پرعزم ہیں۔ اس موقع پر موجود افراد نے ان کے عزم کو سراہا اور ان کے لیے دعا کی کہ وہ اپنے نئے عہدے پر کامیاب ہوں۔
No comments: