نو منتخب امیر جماعت اسلامی یوسی چارہان کی علماء کرام سے نوجوان نسل کو جرائم سے بچانے اور امن کے قیام کی اپیل
نو منتخب امیر جماعت اسلامی یوسی چارہان راجہ شہزاد اتفاق کا علماء کرام سے نماز جمعہ کے درس و خطبات میں نوجوان نسل کو منشیات،چوری،قتل و غارت سے روکنے اور علاقہ میں امن و امان قائم رکھنے کی اپیل
نیو مری(وطن خان)نومنتخب امیر جماعت اسلامی یو سی چارہان راجہ شہزاد اتفاق نے امیر منتخب ہونے کے بعد پہلا بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ مقامی علماء کرام علاقے کے امن و امان میں بہت مثبت کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ہمارے مقامی علماء کرام ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔ انھوں نے کہا کہ میری نظروں میں علماء کرام وہ مثبت کردار ادا کر سکتے ہیں جو کوئی سرکاری محکمہ نہیں کر سکتا۔ علماء کرام وہ واحد طبقہ ہے جن کی بات سننے کے لیے ہزاروں کا مجمع ہر جمعہ کے دن آتا ہے۔ علماء کرام اپنے درس و خطبات میں بالخصوص نوجوان نسل کو دین کی طرف راغب کرنے کی کوشش کریں کیونکہ نوجوان نسل منشیات، چوری، زناء کاری اور قتل و غارت جیسے سنگین جرائم کی طرف تیزی سے راغب ہو رہی ہے۔ ہمارے علماء کرام اس نوجوان نسل کا رخ پھیرنے میں زبردست کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اس کے لیے ضرورت اس امر کی ہے کہ وہ جمعہ کے خطبات میں بالخصوص نوجوان نسل کے اندر ایک شعوری تبدیلی کے لیے ضرور کوشش کریں۔
انھوں نے مقامی میڈیا کو باور کروایا کہ آپ کے پاس قلم کی شکل میں بہت زبردست طاقت ہے۔ قلم کو حق کی خاطر استعمال کریں۔ آج کے جدید دور میں قلم سے اگر سچائی نکلے تو یہ وسیع پیمانے پر مثبت تبدیلی لا سکتی ہے۔ ان چیزوں کی نشاندہی کریں جن سے معاشرے میں امن و امان اور پیار و محبت کی فضا کو نقصان پہنچ رہا ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ جب علاقے میں امن اور سکون ہو گا، جرائم کی شرح کم ہو گی تو ہر فرد چین اور سکھ سے رہے گا۔
No comments: