فضول تعلقات کے اثرات - تربیت کی ضرورت ہے
تربیت کی ضرورت ہے
کئی لڑکوں نے لڑکیوں سے لمبی کالز کے نتیجے میں اپنے باپ کے کاروبار تباہ کر دیے ہیں اپنی تعلیم کو زنگ آلود کر بیٹھے ہیں۔ یقین کیجیے اس معاملے میں آپ والدین کو اپنے بیٹے اور بیٹی پر بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ میں کئی والدین کو جانتا ہوں جو اس حوالے سے بہت زیادہ پریشان ہیں۔۔۔۔
کالز اور تعلقات: خطرات اور نتائج
ایک خاصی چلتی ہوئی دکان زوال کا شکار ہو گئی یہاں بیٹھنے والا لڑکا گھنٹوں کالز پر گفتگو کرتا ہے اور یہاں وہاں کی کوئی خیر خبر نہیں ہوتی۔ باپ سمجھانے کی کوشش کرے تو غصہ کرتا ہے کھانا پینا چھوڑ دیتا ہے۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ جس لڑکی سے کالز پر بات کی جاتی ہے وہ اس کی منگیتر ہے یعنی رشتہ طے کر چکے ہیں۔ لڑکی کہتی ہے کہ وہ مجھے مجبور کرتا ہے لڑکے کے مطابق کالز نہ کروں تو لڑکی ناراض ہو جاتی ہے ۔
تعلیمی اور کاروباری نقصان
خیر ۔۔۔ ایسے کیسز تو پانچ فیصد ہیں جہاں کم از کم والدین بچوں کا رشتہ طے کر چکے ہیں لیکن پچانوے فیصد کیسز میں ایسا کچھ نہیں ہے صرف محبت ، وقت گزاری ، میچوئل انڈرسٹینڈنگ اور فرینڈ شپ کے چکر ہیں۔ نتیجتاً جو لڑکے باپ کا کاروبار سنبھال رہے ہیں وہ اپنی اس لاپروائی سے نقصان کر رہے ہیں اور جو سٹوڈنٹس ہیں وہ تعلیمی میدان میں ناکارہ ہو رہے ہیں اسی طرح لڑکیاں تعلیمی میدان میں بھی اپنا نقصان کر رہی ہیں اور گھر داری سیکھنے سے بھی محروم ہو جاتی ہیں۔
والدین کی توجہ اور ذمہ داری
آپ بیٹی کے والدین ہیں یا بیٹے کے اپنے بچوں پر توجہ دیں۔ جس طرح باپ کو بیٹے کی ہر حرکت کا بخوبی علم ہوتا ہے اسی طرح ماؤں کو بھی اپنی بیٹی کی ہر چال ڈھال ، انداز اور طور طریقے معلوم ہوتے ہیں۔ نظر انداز مت کریں اتنی چھوٹ نہ دیں کیوں کہ بڑے سے بڑے گناہوں کا آغاز اسی طرح کالز اور میسیجز کے ذریعے ہوتا ہے۔
لڑکیوں کو احتیاط کی ضرورت ہے
لڑکیوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ فضول کاموں سے دور رہیں ایسے رشتے یا تعلق جو آپ کے والدین سے پوشیدہ ہیں ان سے پیچھے ہٹ جائیں ایسا ہر عمل جسے آپ والدین کی موجودگی میں نہیں کر سکتے غلط ہے۔ چھپن چھپائی کا کھیل مت کھیلیں کیونکہ آپ کی شادی یہاں نہیں ہوگی اور پھر ماضی میں کی گئی غلطیاں بنائے گئے تعلقات آپ کے مستقبل کو تاریک کریں گے۔ یا آپ پیچھا نہیں چھڑا پائیں گی یا پھر جان بوجھ کر پرانے روابط بحال رکھیں گی نتیجتاً حلال رشتے آپ کو بیزار کر دیں گے۔۔۔
لڑکوں کے لیے نصیحت
لڑکوں سے مخاطب ہوں کہ کچھ کر دکھانے کی عمر میں بنے بنائے کاروبار تباہ کرنا ہرگز عقل مندی نہیں بے جب خالی جیب ہوں گے تو آپ سے ساری رات گفتگو کرنے والی لڑکیاں میسج کا جواب تک نہیں دیں گی۔ لہٰذا اپنے مقاصد ، تعلیم ، ہنر اور ٹارگٹس پر توجہ دیں ورنہ کسی کا ابا نہیں مانے گا کسی کی اماں نہیں مانے گی اور آپ "ماموں" بن جائیں گے ۔۔۔۔ ٹائم پاس کے چکر میں نہ کسی کی زندگی خراب کریں نہ اپنی زندگی خراب کرنے کی اجازت دیں۔
فضول تعلقات کے اثرات
"لاحاصل کی تمنا انسان کو حاصل کی لذت سے محروم کر دیتی ہے" ۔ اگر آپ اپنے مستقبل کو محفوظ بنانا چاہتے ہیں تو ان فضول چکروں سے باہر نکل آئیں ورنہ یہ تعلقات آپ کی ازدواجی زندگی کو زوال پذیر کر دیں گے۔ سوشل میڈیا بھرا پڑا ہے جہاں آشنا کے ساتھ مل کر بیویوں نے اپنے شوہر کو مار دیا یا پھر شوہروں نے اپنی غلیظ حرکتوں سے اپنا گھر تباہ کر لیا۔ ان میں اکثریت مرد وعورت وہی ہیں جو اپنے پرانے تعلق بحال رکھتے ہیں یا پھر "حاصل" پر اکتفا نہیں کرتے ۔۔۔۔
محبتیں سلامت رہیں
ایک نفیس مضمون ---
No comments: