جرائم کا جڑ سے خاتمہ اور عوام کی جان و مال کا تحفظ ہمارا فرض اور اس کیلئے دن رات مصروفِ عمل ہیں

 


نیوز میڈیا گروپ تحصیل علی پور چٹھہ (مرزا عامر سہیل) 

جرائم کا جڑ سے خاتمہ اور عوام کی جان و مال کا تحفظ ہمارا فرض ہے، اور اس مقصد کے لیے پولیس دن رات مصروفِ عمل ہے۔ ان خیالات کا اظہار ایس ایس پی آپریشنز ڈاکٹر رضا تنویر سپرا نے تھانہ علی پور چٹھہ میں کھلی کچہری کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے شہریوں کی مختلف شکایات سنیں اور موقع پر ہی ضروری احکامات جاری کیے تاکہ عوام کو فوری انصاف فراہم کیا جا سکے۔ کھلی کچہری میں شہریوں نے تھانہ علی پور چٹھہ میں نفری کی کمی، اطراف کے علاقوں جیسے کوٹ ہرا، گاجر گولہ، اور ہیڈ چھناواں میں پولیس چوکیوں کے غیر فعال ہونے کی نشاندہی کی۔


ایس ایس پی آپریشنز ڈاکٹر رضا تنویر سپرا نے عوام کو یقین دلایا کہ ان علاقوں میں پولیس چوکیوں کو جلد از جلد فعال کیا جائے گا۔ مزید برآں، انہوں نے علی پور چٹھہ تھانہ کی نفری میں اضافے کے ساتھ ساتھ پیٹرولنگ کے لیے نئی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں فراہم کرنے کی بھی یقین دہانی کروائی، تاکہ جرائم کی روک تھام کو موثر بنایا جا سکے۔ 

"علی پور ٹائمز" سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ایس ایس پی ڈاکٹر رضا تنویر سپرا نے کہا کہ قانون کی بالادستی اور شر پسند عناصر کی سرکوبی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشرے کو امن کا گہوارہ بنانے اور جرائم پیشہ افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے پولیس پوری ایمانداری کے ساتھ اپنا کردار ادا کر رہی ہے اور ایسے افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن کا خاتمہ اور میرٹ پر تفتیش ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں، اور عوام سے اپیل کی کہ وہ بلا خوف اپنے مسائل انتظامیہ کے نوٹس میں لائیں۔ 

اس موقع پر ڈی ایس پی وزیرآباد محمد ہاشم گجر، ایس ایچ او محسن مجید جٹھول اور دیگر افسران بھی موجود تھے، جو عوام کے مسائل کے فوری حل کے لیے کوشاں ہیں۔ پولیس افسران نے یہ بھی کہا کہ مظلوم کی حمایت اور ظالم کو عبرت کا نشان بنانا ہماری بنیادی ذمہ داری ہے۔

No comments: